اسحاق ڈار کی افغان عبوری وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے ملاقات، اہم معاملات کو حل کرنے پر زور


وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی افغان عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند اور عبوری وزیرداخلہ سراج حقانی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں، نائب وزیراعظم نے سیکیورٹی اور بارڈر مینجمنٹ جیسے اہم معاملات کو حل کرنے پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی افغان عبوری وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے امن و سلامتی، تجارت اور راہداری تعاون اور علاقائی رابطوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطح روابط کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغانستان کے عبوری وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے بھی ملاقات کی، یہ ملاقات ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے کوریڈور کے مشترکہ فیزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار کی افغان وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے پر اتفاق
قبل ازیں وزیرخارجہ اسحاق ڈارنے ایک روزہ دورہ کابل میں قائم مقام افغان وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی سے ملاقات کی جبکہ وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی بھی موجود تھے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، ملاقات میں تجارت، ٹرانزٹ اور سیکیورٹی میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے مضبوط کوششوں پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اقتصادی ترقی کی مکمل صلاحیت کے حصول کے لیے اتفاق کیا جبکہ بین الا علاقائی رابطوں کے منصوبوں کی تکمیل پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار افغانستان کے ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے، افغان نائب وزیر خارجہ اور پاکستانی سفیرعبدالرحمان نظامانی نے کابل پہنچنے پر اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر خارجہ پاکستان، افغانستان، ازبکستان ریلوے لائن کی مشترکہ فزبیلٹی سٹڈی کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے، وزیر خارجہ کے ہمراہ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان، وزیر ریلوے اور سیکرٹری ریلوے موجود ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles