تباہ کن بارشیں: مشہور کٹاس راج مندر سمیت مقدس مقامات زیر آب


چکوال اور اس کے گردونواح میں طوفانی بارش نے نظام زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ گزشتہ تیس گھنٹوں سے جاری شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں اور متعدد علاقوں میں آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
بارش سے ہندوؤں کے مقدس مقام کٹاس راج کے تاریخی مندر اور مشہور تالاب بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ست گڑھ کے مندر پانی میں ڈوب گئے جبکہ کٹاس راج تالاب پانی سے مکمل طور پر بھر جانے کے بعد پارک اور قریبی مندروں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔
بارش کے پانی نے کٹاس راج کے مقام پر سڑک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے نتیجے میں کلر کہار چوا سیدن شاہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ آمد و رفت میں رکاوٹ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر کلر کہار جھیل کا پانی بھی خطرے کے نشان کے قریب پہنچ چکا ہے، جس پر مقامی انتظامیہ نے ہنگامی نگرانی شروع کر دی ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles