بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت متحرک


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں موجودہ تیاریوں، انتظامی حکمت عملی اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیف میٹرولوجسٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 17 اور 18 جولائی کو کراچی سمیت سندھ بھر میں معمول سے 10 سے 20 فیصد زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں ندی نالوں اور بندوں کی موجودہ حالت تسلی بخش ہے، تاہم کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر پیشگی انتظامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ فوری طور پر بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی پلان تیار کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حفاظتی بندوں کی مرمت میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مراد علی شاہ نے پی ڈی ایم اے کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور بلدیاتی اداروں کو مکمل طور پر متحرک رکھنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، اور تمام اداروں کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles