کراچی: تاجر برادری کا 19 جولائی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو اضافی اختیارات دیے جانے پر پاکستان کی تاجر برادری نے شدید ردعمل دیتے ہوئے 19 جولائی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ تاجر اور صنعتکار برادری کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے نئے اختیارات کاروباری ماحول کو مزید خراب کر رہے ہیں۔

کراچی چیمبر آف کامرس کے رہنما جاوید بلوانی کے مطابق ہڑتال کا مقصد ایف بی آر کے متنازع قوانین 37(A) اور 37(B) کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر ان قوانین کو واپس نہ لیا تو ہڑتال کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔

وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان نے بھی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس اصلاحات مشاورت سے کی جانی چاہئیں، نہ کہ بزور قانون نافذ کی جائیں۔

تاجروں کا مؤقف ہے کہ نئے قوانین کے تحت ایف بی آر کو اندھا دھند کارروائیوں کا اختیار دیا گیا ہے، جس سے کاروباری برادری میں عدم تحفظ پیدا ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایف بی آر قوانین 37A اور 37B کے تحت حکام کو بے تحاشا اختیارات دیے گئے ہیں جن میں بغیر نوٹس کے کاروباری مراکز پر چھاپے مارنے، اکاؤنٹس منجمد کرنے اور ریکارڈ ضبط کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

تاجر تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے پر نظرثانی کرے اور کاروباری طبقے کے تحفظات کو دور کرے تاکہ معاشی استحکام ممکن ہو سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles