
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
ملتان، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان اور بہاولپور میں دُھند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جنو بی پنجاب کے بیشتر حصوں میں دُھند رہنے کی توقع ہے۔
گلگت بلتستان میں چند مقامات پربارش اوربرفباری کی توقع ہے، بالائی خیبرپختونخواکے مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، کوہستان، چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
آزادکشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، بعض میدانی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے، بالائی سندھ میں بعض مقامات پر دھند رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں موسم خشک اور سرد رہے گا
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد ررہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سوات، شانگلہ، دیر، چترال، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بٹگرام اور تورغر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سوات میں پارا نقطہ انجماد سے گرگیا، کالام میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ چترال اور تیمر گرہ میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔
پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
پشاور میں فضائی آلودگی میں ایک بار پھر سے اضافہ
ادھر پشاور میں فضائی آلودگی میں ایک بار پھر سے اضافہ ہوا ہے، محکمہ ماحولیات کے مطابق شہر میں مجموعی طور ائیر کوالٹی انڈکس211 ریکارڈ ہوا، دالہ زاک روڈ پر ایئر کوالٹی انڈکس 263، جی ٹی روڈ پر 200، چارسدہ روڈ پر221 اور ورسک روڈ پر 332 ریکارڈ کیا گیا۔