نجی ایئر لائن ایئرسیال سے کراچی سے آنے والا مسافر واپس اسی فلائیٹ سے جدہ پہنچا دیا گیا، پاکستان ائیرپورٹ سیکورٹی حکام نے واقعے کا نوٹس لے کر ریگولیٹر سول ایویشن اتھارٹی اور اسٹیشن مینیجر کو خط لکھ دیا۔
ایئر سیال کی مبینہ غفلت کے باعث ایک مسافر کو جو کراچی پہنچ چکا تھا، دوبارہ اسی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے جدہ واپس بھیج دیا گیا۔ واقعے پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ائیرسیال کے اسٹیشن مینیجر کو باقاعدہ خط ارسال کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ مسافر ایئرسیال کی ایک پرواز کے ذریعے کراچی پہنچا تھا، تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اسے ائیرسیال کی ہی دوسری پرواز سے دوبارہ جدہ پہنچا دیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ سنگین نوعیت کی انتظامی غفلت ہے جس پر ائیرلائن کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ اتھارٹی نے ائیرلائن پر بھاری جرمانے کی بھی سفارش کی ہے۔
مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ یہ واقعہ سیکیورٹی، گراؤنڈ اسٹاف یا ائیرلائن کی اندرونی کوتاہی کی وجہ سے پیش آیا۔