یمنی حوثیوں نے اسرائیل جانے والا ایک اور بحری جہاز ڈبو دیا، 4 ہلاک، 15 لاپتا، کئی افراد اغوا

یمنی حوثیوں نے ایک اور تجارتی بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں جہاز مکمل طور پر سمندر میں ڈوب گیا۔ حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ بحری جہاز اسرائیلی بندرگاہ ایلات کی جانب جا رہا تھا، اور اس پر بیلسٹک اور کروز میزائل داغے گئے جن سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔

حوثی ترجمان کے مطابق تباہ ہونے والا جہاز ”ایٹرنٹی سی“ تھا، اور حملے کے بعد وہ مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی حوثیوں کی جانب سے جاری کی گئی ہے جس میں جہاز کو نشانہ بنتے اور ڈوبتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے کے نتیجے میں جہاز پر موجود عملے کے چار ارکان ہلاک ہو گئے، جبکہ پندرہ افراد لاپتا ہیں۔ امریکی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملے کے بعد بچ نکلنے میں کامیاب عملے کے کئی افراد کو حوثیوں نے اغوا کر لیا ہے، امریکا نے ان کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر ایجنسیوں کے مطابق حوثیوں نے اسرائیل جانے والے تمام بحری تجارتی جہازوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، اور انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی جہاز اسرائیلی بندرگاہوں کا رخ کرے گا، وہ حملے کا نشانہ بنے گا۔

یاد رہے کہ یمنی حوثی گروہ گذشتہ کئی ماہ سے خطے میں اسرائیل کے ساتھ وابستہ جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اور یہ واقعہ بھی اسی تسلسل کا حصہ ہے، جس سے بحیرہ احمر اور آس پاس کے علاقوں میں بین الاقوامی بحری تجارت کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles