پاکستان اور ترکیہ تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم


ترک وزیرخارجہ اور وزیردفاع کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور ترکیہ تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ ترک وزیرخارجہ کا کہنا ہے پاکستان کے ساتھ منفرد تعلقات ہیں۔ اسحاق ڈار بولے دونوں ممالک کی دفاعی کمیٹیز کا اجلاس ستمبر میں ہوگا
اسلام آباد میں پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارتی حجم کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ اعلان ترک وزیرخارجہ اور وزیر دفاع کی اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران سامنے آیا۔
دفتر خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترک وزرا اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں دفاع، تجارت، معیشت، اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات تاریخی، دیرینہ اور انتہائی مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی معاملات پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور باہمی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دفاعی کمیٹیوں کا اجلاس ستمبر میں منعقد ہوگا، جس میں دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر غور کیا جائے گا۔
ترک وزیرخارجہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ”منفرد“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے پر مبنی روابط ہیں، جنہیں مزید فروغ دیا جائے گا۔
ترک وفد دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کرے گا، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت متوقع ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles