کراچی کےعلاقے لیاری بغدادی میں گرنے والی عمارت کی چند گھنٹے قبل کی فوٹیج آج نیوز کو موصول ہوگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پلرز ٹوٹنا شروع ہوئے، پلرز کے ٹوٹنے کے چند گھنٹے بعد پانچ منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔
کراچی میں لیاری کے علاقے بغدادی میں گرنے والی پانچ منزلہ عمارت سے متعلق چند گھنٹے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو موصول ہو گئی ہے، جس میں خطرناک علامات واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کے پلرز ٹوٹنا شروع ہو چکے تھے، اور ان میں دراڑیں نمایاں تھیں۔ پلرز کے ٹوٹنے کے چند گھنٹے بعد پوری عمارت زمین بوس ہو گئی، جس سے علاقے میں خوفناک مناظر دیکھنے کو ملے۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کے نیچے کئی رکشے پارک تھے اور جب پلرز سے ٹوٹنے کی آوازیں سنائی دیں تو قریبی مکین خوفزدہ ہو کر باہر نکلنے لگے۔
عینی شاہدین کے مطابق عمارت گرنے سے قبل جھٹکے اور آوازیں سنائی دیتی رہیں، مگر سب کچھ اتنی تیزی سے ہوا کہ بیشتر افراد کو نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔
عمارت میں تقریباً 20 مکان تھے، جن میں سے صرف کچھ رہائشی ہی باہر نکلنے میں کامیاب ہو سکے۔ واقعے کی ویڈیوز نے حکام کی کارکردگی اور عمارت کی حالت پر کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔