’اسمگلر بلی‘ منشیات سمیت دھرلی گئی، کوسٹا ریکا کی جیل میں حیران کن واردات ناکام

کوسٹا ریکا شہر کی ایک جیل میں محافظوں نے منشیات اسمگلنگ کی ایک انوکھی اور حیران کن کوشش کو اُس وقت ناکام بنا دیا جب ایک بلی کو رات کی تاریکی میں منشیات کے پیکٹس کے ساتھ جیل میں داخل ہوتے ہوئے دھر لیا گیا۔

اس سیاہ و سفید بلی کے جسم سے ٹیپ کے ذریعے دو تھیلیاں باندھی گئی تھیں، جن میں 235 گرام چرس (ماریجوانا) اور 67 گرام کوکین موجود تھی۔ یہ واقعہ شمال مشرقی علاقے کانتون پوکوسی (Canton Pococí) میں واقع ایک جیل میں پیش آیا۔ بلی کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جب وہ جیل کی بیرونی باڑ پر چڑھنے کی کوشش کر رہی تھی۔

کوسٹا ریکا کی وزارت انصاف کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک جیل گارڈ بلی کو نرمی سے باڑ سے پکڑتا ہے جبکہ دیگر اہلکار اس کے جسم سے منشیات کے پیکٹس احتیاط سے الگ کرتے ہیں۔

وزارت انصاف کے بیان کے مطابق، ’محافظوں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث نہ صرف بلی کو قابو میں کیا گیا بلکہ قیدیوں تک منشیات کی رسائی کو بھی مؤثر انداز میں روک دیا گیا۔‘

واقعے کے بعد بلی کو طبی معائنہ اور دیکھ بھال کے لئے جانوروں کی بہبود کی سرکاری تنظیم ’نیشنل اینیمل ہیلتھ سروس‘ کے حوالے کردیا گیا۔

یہ واقعہ جیلوں میں اسمگلنگ کے نت نئے اور تخلیقی طریقوں کی عکاسی کرتا ہے، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک وارننگ بھی ہے کہ مجرم اب جانوروں کو بھی اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنے لگے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے پر دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو ملے۔ ایک صارف نے لکھا’ ’اس بلی کو کتنے سال قید کی سزا ملے گی؟‘

جبکہ کچھ صارفین نے بلی سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’کتنا ظالمانہ عمل ہے۔ بیچاری معصوم بلی!‘

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles