مخصوص نشستیں صرف پی ٹی آئی کا حق ہے، بیرسٹر سیف


خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن میں ذرا بھر بھی اخلاقی جرات باقی ہے تو وہ مخصوص نشستیں لینے سے انکار کر دے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نشستیں صرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حق ہیں، جنہیں عدالتی فیصلے کے ذریعے نیلامی پر لگا دیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے پہلے ہی پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چرایا گیا، اور اب مخصوص نشستیں بھی دوسروں میں بانٹی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن حربہ آزمایا مگر ناکام رہی۔ ان کے مطابق ان تمام سازشوں کے باوجود پی ٹی آئی مزید مضبوط ہو کر ابھری ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قانون اور عدالت چھبیسویں آئینی ترمیم کے بندھن میں جکڑے ہوئے ہیں، مگر اخلاقی جرات آئین کی قید سے آزاد ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امیر حیدر ہوتی کی جانب سے مخصوص نشستیں نہ لینے کا اعلان خوش آئند ہے، اور مولانا فضل الرحمان کو بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کا حق چھیننا نہ صرف جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ ایک نئی سیاسی روایت کی تباہ کن ابتدا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles