
پشاور شہر میں آج آٹھ محرم الحرام کو عزاداری کے سلسلے میں 18 چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے۔ جلوسوں کے روایتی راستوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ جلوسوں کی نگرانی جدید ڈرون کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق پہلا جلوس امام گاہ سید نجف علی شاہ سے سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا، جبکہ دوسرا بڑا جلوس شام 4 بجے حسینیہ ہال پشاور صدر سے روانہ ہوگا۔
اس کے علاوہ جلوسِ شبیہ جھولا رات 8 بجے امام بارگاہ حسین محلہ مروی ہا سے برآمد ہوگا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوگا۔
پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، واک تھرو گیٹس، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ فُل مانیٹرنگ کے لیے ڈرون کیمرے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔