
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری بارشوں نے معمولات زندگی متاثر کر دیے ہیں۔ نوشہرہ، صوابی، شانگلہ اور ہری پور میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، جبکہ کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
نوشہرہ میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں امان گڑھ، لیبر کالونی، حافظ آباد اور مثال آباد کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔ نوشہرہ کلاں میں نالوں کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہری اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔
ہری پور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ اگرچہ موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم مسلسل بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور رات بھر بجلی معطل رہی۔ ندی نالوں میں طغیانی کے سبب مرکزی شاہراہ اور ملحقہ سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جو جھیل کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب، فلڈ سیل کی رپورٹ جاری
شانگلہ میں بھی بشام، پورن اور شاہ پور کے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
ادھر پشاور سمیت کئی میدانی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہے، اور محکمہ موسمیات نے ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔