مایہ ناز پاکستانی اسپنر آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ لے اڑے – Sports

پاکستان کے مایہ ناز اسپنر نعمان علی کو اکتوبر کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ٹیم کے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی منتھ قرار دیا۔

گزشتہ ہفتے آئی سی سی نے اکتوبر کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی مردوں کی کیٹیگری میں جن کھلاڑیوں کو نامزد کیا تھا ان میں پاکستانی اسپنر نعمان علی، جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کاگیسو ربادا اور نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر شامل تھے۔

نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اور آخری 2 ٹیسٹ میچز میں 20 وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کی بنا پر انہیں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ منتخب کیا گیا جبکہ ووٹنگ کے ذریعے فاتح کھلاڑی کا اعلان کیا گیا۔

اس حوالے سے نعمان علی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ ایک اعزاز ہے، تاریخی پرفارمنس کے لیے سپورٹ کرنے پر ٹیم کے ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ نعمان علی کو پہلی بار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا تھا جب کہ وہ پہلی بار آئی سی سی ٹیسٹ باؤلر رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں شامل ہوئے تھے، وہ ابھی بھی نویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں 147 رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کیں جب کہ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 130 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا تو ایسے میں نعمان علی انگلش بیٹرز کے لیے چینلج بن گئے، انہوں نے دوسری اننگز میں کیریئر بیسٹ 8 وکٹیں حاصل کیں، جس سے قومی ٹیم کو 2021 کے بعد ہوم گراؤنڈ میں جیت نصیب ہوئی۔

صرف باؤلنگ ہی نہیں بلکہ نعمان علی نے بیٹنگ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا، خاص طور پر تیسرے ٹیسٹ میں سعود شکیل کے ساتھ ان کی شراکت اور 45 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان کو 77 رنز کی برتری حاصل ہوئی جس سے قومی ٹیم نے میچ اور سیریز میں کامیابی حاصل کی۔

مزید خبریں :

Popular Articles