
کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کراچی کے مضافاتی علاقے گلشن حدید، کاٹھور، اسٹیل ٹاؤن، گڈاپ ٹاؤن، ایم نائن موٹر وے اور اطراف کے علاقوں میں بارش ہورہی ہے۔
گلشن حدید میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملیر، صفورا گوٹھو، ماڈل کالونی اور سعدی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش ہو رہی ہے۔
گرومندر، گلستان جوہر، گلشن معمار، سپر ہائی وے اور سہراب گوٹھ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شہر میں بادل چھا گئے تاہم حبس کا راج برقرار ہے۔
ڈیفنس، اسکیم 33 اور نارتھ ناظم آباد، سرجانی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، شارع فیصل کے علاوہ طارق روڈ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔
شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم بارش کے ساتھ ہی کچھ علاقوں کی بجلی غائب ہوگئی۔
خیال رہے کہ کراچی میں مون سون سسٹم کے زیر اثر جمعہ سے اتوار کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
میٹرولوجسٹ انجم نذیر کے مطابق ہفتےکو تیزبارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ شہر میں اتوار کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنےکا امکان ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی گجرات میں ہواکاکم دباؤ موجود ہے، ہواکاکم دباؤ آئندہ دنوں سندھ میں بارش کا باعث بنے گا، بارش کی وجہ سے سندھ کے بیشترشہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔