
ملک بھر میں پری مون سون سیزن کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے جس کے بعد شدید گرمی سے پریشان عوام کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 23 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے، جو ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشیں متوقع ہیں، جہاں کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
ادھر سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی آج سے بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کے جنوبی و مشرقی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔
ماہرین موسمیات کے مطابق ان بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور گرمی کی شدت میں واضح کمی محسوس کی جائے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیوں کو موسم کی صورتِ حال کے مطابق ترتیب دیں۔