پاکستانی افواج نے خود سے بڑے دشمن کو شکست دی، مشاہد حسین سید


مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج نے خود سے بڑے دشمن کو شکست دی، بھارت کی سوچ بہت چھوٹی اورنفرت انگیزہے، بھارت کو پاکستان کا وجود کھٹکتا ہے، چین، امریکا، روس، ایران سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں، امریکا پاکستان کو اچھا پارٹنر سمجھتا ہے، سید نوید قمر نے بھی آج نیوز کے پروگرام انسائٹ وِد عامر ضیا میں گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ ایران اسرائیل کشیدگی سے تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، پٹرول کی قیمتیں بڑھیں توعوام زیادہ متاثر ہوں گے۔
سابق وفاقی وزیر مشاہد حسین سید نے آج نیوز کے پروگرام انسائٹ وِد عامر ضیا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خود سے بڑے دشمن کو شکست دی ہے اور بھارت کو پاکستان کے وجود سے چڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سوچ محدود اور نفرت انگیز ہے جو خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت عالمی سفارتی افق پر ایک نئے زاویے سے دیکھا جا رہا ہے۔ ”چاہے چین ہو، امریکا، روس یا ایران — ہمارے تمام ممالک سے بہتر تعلقات ہیں۔“ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت کو روایتی انداز میں نہیں دیکھتے اور حالیہ کشیدگی کے بعد امریکا نے پاکستان کو ایک اچھا پارٹنر تسلیم کیا ہے۔
مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ ”چھوٹے سے افغانستان نے ایک سپر پاور کو شکست دی، اور پاکستان نے بھی اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کیا ہے۔“
سید نوید قمر کی گفتگو
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید نوید قمر نے بھی آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کی، انھوں نے سولر پینلز پر عائد ٹیکس کو گرین انرجی کے منصوبوں کے لیے خطرناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ”ہمارے مطالبے پر سولر پر ٹیکس 18 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کر دیا گیا، لیکن یہ اب بھی گرین انرجی کی حوصلہ شکنی کے مترادف ہے۔“
نوید قمر نے کہا کہ اگرچہ مہنگائی کی شرح میں کچھ کمی آئی ہے، لیکن قوت خرید پر زیادہ فرق نہیں پڑا۔ ”ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، اور اگر پٹرول مزید مہنگا ہوا تو سب سے زیادہ اثر عام آدمی پر پڑے گا۔“
پروگرام میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتِ حال، توانائی بحران، اور معاشی دباؤ پر تفصیل سے گفتگو کی اور اپنے نکات پر قومی پالیسی میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles