میری ساری توجہ لوگوں کو مفت علاج کی فراہمی پر مرکوز ہے، مریم نواز


پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری آ رہی ہے، میری ساری توجہ لوگوں کو مفت علاج کی فراہمی پر مرکوز ہے، کلینک آن ویلز صوبے کے تمام اضلاع اور اربن ایریاز میں جانے کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کلینک آن ویلز کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کردیا، انہوں نے کلینک آن ویلز منصوبے کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرز کو نئی گاڑیوں کی چابیاں دیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں بہتری آ رہی ہے، کلینک آن ویلز اب پنجاب کے تمام اضلاع اور اربن ایریاز میں دستیاب ہوں گے ۔ میرا خواب ’’لوگوں کا حق ان کی دہلیز تک پہنچانا ’’عملی صورت اختیار کر رہا ہے، یہ موبائل کلینکس مکمل ایئرکنڈیشنڈ اور ایک چلتا پھرتا آپریشن تھیٹر ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں اب مفت ادویات فراہم کی جائیں گی، جس کے لیے حکومت نے 100 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا ہے، کلینک آن ویلز کا دائرہ کار بھی مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ ہر شہری کو اس کی دہلیز پر علاج کی سہولت میسر ہو۔
پنجاب کے بڑے اسپتال مکمل مفت ادویات کی فراہمی میں تاحال ناکام
پنجاب کے بڑے اسپتال مکمل مفت ادویات کی فراہمی میں تاحال ناکام ہوگئے، پنجاب کے 27 بڑے اسپتالوں میں 75 فیصد سے کم مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ 9 سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی 50 فیصد سے بھی کم ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے اعدادوشمار میں سب سامنے آگیا، رپورٹ کے مطابق پنجاب کے کسی بھی سرکاری اسپتال میں 100 فیصد مریضوں کو مفت ادویات نہیں مل رہیں، پنجاب ڈینٹل اسپتال میں صرف 39 فیصد مریضوں کو مفت ادویات ملیں، گنگارام اسپتال میں 45 فیصد مریضوں کو مفت ادویات مل سکیں۔
لاہور جنرل اسپتال میں 45 فیصد مریض مفت ادویات حاصل کر سکے، میو اسپتال سے 54 فیصد، جناح اسپتال سے 63 فیصد مریضوں کو مفت ادویات ملیں۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورسائنسز سے 69 فیصد مریضوں کومفت ادویات ملیں سروسز اسپتال سے 70 فیصد مریضوں کو مفت ادویات مل سکیں، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 76فیصد مریضوں کو مفت ادویات ملیں۔
پنجاب کے دیگر سرکاری ٹیچنگ اسپتالوں میں بھی 100 فیصد ادویات نہ مل سکیں، حکومت کے رواں مالی سال میں بار بار مفت ادویات فراہمی کے دعوے سچ نہ ہوسکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles