وزیر آباد: پیٹرول ایجنسی پر ٹینکی پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی


وزیرآباد کے گاؤں نوئیں والا چٹھہ میں پٹرول کی ٹینکی پھٹنے کے نتیجہ میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 28 زخمی لاہور، گوجرانوالہ اور کھاریاں کے مختلف اسپتالوں میں اب بھی موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں لیکن کوئی بھی حکومتی نمائندہ یا سیاسی شخصیت لواحقین سے تعزیت تک کے لیے نہیں پہنچی۔
یہ وہ بدنصیب ہیں جو 11 جون کو علی پور چٹھہ کے علاقے نوئیں والا چٹھہ میں پٹرول کی ٹینکی پھٹنے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے کے بعد اپنی جانیں گنوا بیٹھے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس المناک واقعہ میں 40 سے 50 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 8 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
ستم ظریفی دیکھیے کہ اتنے بڑے حادثہ کے بعد نہ تو کوئی سیاسی نمائندہ اور نہ ہی کوئی حکومتی عہدیدار غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کے لیے ان کے گھر پہنچا۔
وزیر آباد: غیر قانونی پیٹرول ایجنسی پر ٹینکی پھٹنے سے زخمی مزید 5 افراد دم توڑ گئے
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین نے ایسے غیرقانونی کاروبار کرنے والے افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسے حادثات اپنے پیچھے انمٹ نقوش چھوڑ جاتے ہیں جن کی تلافی برسوں بھی ممکن نہیں ہوتی۔
متعلقہ محکمہ جات کو ضلع وزیرآباد میں قائم اس طرح کی سینکڑوں غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ کسی بھی معصوم جان کا ضیاع نہ ہو سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles