فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات، تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو


فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں انجام پائی، جسے صدر ٹرمپ نے اپنے لیے باعثِ عزاز قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں لیڈرز نے متعدد اور وسیع معاملات پر خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔ خاص طور پر پاک-امریکی تعلقات پر مفصل گفتگو ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ خطے کی بدلتی صورتحال، بالخصوص ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ ’پاکستان شاید ایران کو بہتر سمجھتا ہے‘، جبکہ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا انڈیا کے ساتھ جنگ ختم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ’امریکہ پاکستان کے ساتھ ٹریڈ کرنے جا رہا ہے‘۔ ذرائع کے مطابق ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی، جس دوران صدر ٹرمپ نے آرمی چیف کی پاکستان سے لگن اور عزم کو سراہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنے جاری دورہ امریکہ کے دوران مزید اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ٹرمپ کا جنگ سے گریز پر اظہارِ تشکر
امریکی صدر نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ سے گریز پر شکریہ ادا کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، اور ایسے میں فیلڈ مارشل کا امن کو ترجیح دینا قابلِ تحسین ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا، ’آج مجھے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔‘
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ملاقات میں ایران سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو ہوئی، اور اس ضمن میں پاکستان کا نکتہ نظر قابلِ توجہ تھا۔ ان کے بقول، ’پاکستان ایران کو دیگر لوگوں کے مقابلے میں بہتر جانتا ہے، مگر وہ اس صورتحال پر خوش نہیں ہیں۔‘
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے، جو مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دے سکتا ہے۔ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اسے دونوں جانب سے مثبت قرار دیا گیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles