پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے آج نیوز کے پروگرام ”نیوز ود عامر ضیا“ میں کراچی کے مسائل پر کھل کر بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا جا رہا ہے اور شہر کے مسائل حل کرنے میں سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے رہنما خرم شیر زمان نے آج نیوز کے پروگرام ”نیوز ود عامر ضیا“ میں گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے دیرینہ مسائل اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کی ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کراچی کی آواز، جو کبھی تحریک انصاف کی طاقت تھی، اسے اب بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی کے ساتھ ”سوتیلی ماں“ جیسا سلوک روا رکھا ہے، حالانکہ یہی شہر پورے ملک کی معیشت کو چلا رہا ہے۔
انہوں نے مرتضیٰ وہاب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی چور دروازے سے آئے ہیں، مرتضیٰ وہاب فارم 47 کے ذریعے منتخب ہوئے، عوام کے ووٹ سے نہیں۔
خرم شیر زمان نے سیف سٹی پروجیکٹ کی سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنے سال گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں لوکل باڈی سسٹم مکمل طور پر ناکام ہے اور یونیورسٹی روڈ جیسے اہم علاقوں کی حالت کئی سال بعد بھی جوں کی توں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات کے اپنے حلقے میں پانی کا بحران حل نہیں ہو سکا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت صوبے میں بنیادی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔
خرم شیر زمان نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو اس کا جائز حق دیا جائے اور شہری حکومت کو بااختیار بنایا جائے تاکہ مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔