کراچی میں اسرائیلی جارحیت اور ایران پر حملے کے خلاف وسیع احتجاج ہوا جس میں شہریوں اور علما نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے عالمی برادری سے مظلوم فلسطینی اور ایرانی عوام کی حمایت کا مطالبہ کیا۔
کراچی میں نمائش چورنگی پر فلسطین میں اسرائیلی بربریت اور ایران پر حملے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔ مظاہرین نے فلسطینی اور پاکستانی پرچم تھام رکھے تھے اور ریلی کے دوران اسرائیل مخالف نعرے لگائے گئے۔
احتجاج میں مذہبی جماعت کے علمائے کرام اور بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور یہ معاملہ صرف کسی مخصوص مسلک کا نہیں بلکہ حق اور باطل کے درمیان معرکے کی صورت اختیار کر چکا ہے۔
علما اور مقررین نے کہا کہ اسلامی دنیا کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، اور جلد یا بدیر امریکہ اور اسرائیل کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مظاہرین نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے جنگی جرائم کا نوٹس لیں اور مظلوم فلسطینی اور ایرانی عوام کی حمایت میں عملی اقدامات کریں۔