وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیپ ٹاپ اور اسکوٹی کی سہولت دی، نوجوان نسل کو اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے لیے پیسے نہیں دیے، خیبرپختونخوا کے بجٹ کے برابر تو ہمارا تعلم اور صحت کا بجٹ ہے، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ 46 ہزار خاندانوں کو گھروں کے لیے قرضے دیے، یہ نیازیوں یا برداریوں کا نہیں، ترقی پسندوں کا پنجاب ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جون کا مہینہ بجٹ کا موسم ہوتا ہے، ہر حکومت اپنی لیڈر شپ کے وژن کے مطابق بجٹ پیش کرتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے، مختلف محکموں میں 300 فیصد تک بجٹ میں اضافہ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے بجٹ کے برابر ہمارا تعلم اور صحت کا بجٹ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بچوں کو لیپ ٹاپ اور اسکوٹی کے ذریعے پیسے دیے، نوجوان نسل کو اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کے لیے پیسے نہیں دیے، 50 لاکھ گھروں والے اب اپنا گھر ڈھونڈ رہے ہیں۔
46 ہزار خاندانوں کو گھروں کے لیے قرضے دے چکے ہیں، بلال یاسین
اس موقع پر وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب میں تاریخ کا شاندار بجٹ دیا گیا، عوام کی سہولت کے لیے 100 بسیں ماحول دوست سڑکوں پر ہوں گی، مریم نواز نے جو کہا وہ کام کر کے دیکھایا، اگر لیڈر عوام سے ٹچ میں ہے تو پھر یہ آپ کی ذمہ داری ہے۔
بلال یاسین نے کہا کہ بزدار کہتا تھا میں سیکھنے آیا ہوں، یہ کیسا مزاق تھا، پی پی ٹی آئی جھوٹ دعویٰ کرتی تھی، مجھے ایک گھر نظر نہیں آیا، 46 ہزار خاندانوں کو گھروں کے لیے قرضے دے چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی روزانہ کی بنیاد پر اپنا گھر اپنی چھت کی مانیٹرنگ کرتی ہے، تمام لوگوں کو میرٹ پر آن لائن قرض مل رہا ہے، جب تعداد 50 ہزار سے اوپر جائے گی تو ہر طرف گونج آئے گی، چیف منسٹر پورٹل پر ساڑھے 13 لاکھ درخواستیں آچکی ہے، اپنی زمین اور اپنا گھر کے لئے ساڑھے 3 لاکھ پلاٹ کے لئے درخواست آچکی ہے، شہر میں سیوریج اور صاف پانی کی لائنوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔