بلوچستان کا ایک ہزار ارب سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، تنخواہوں میں اضافے کا امکان

بلوچستان حکومت آج آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کا اعلان کرے گی۔ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی بلوچستان اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ بجٹ کا مجموعی حجم ایک ہزار ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے، جبکہ یہ بجٹ چالیس ارب روپے سرپلس ہوگا۔

حکام کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی اخراجات کی مد میں 245 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 642 ارب روپے رکھے جائیں گے۔ تعلیم کے شعبے میں 125 ارب اور صحت کے لیے 71 ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے۔ صحت، تعلیم اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے اضافی طور پر 30 ارب روپے رکھے جا رہے ہیں۔

قانون میں ترامیم کا استعمال ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کیلئے نہیں ہونا چاہیئے، وزیراعظم

صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لیے بھی 97 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی محاصل سے بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 743 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع ہے، جو رواں مالی سال کے مقابلے میں 70 ارب روپے زیادہ ہے۔ یہ رقم قابل تقسیم محاصل اور گیس سمیت دیگر قدرتی وسائل سے براہ راست منتقلیوں پر مشتمل ہوگی۔

صوبائی ٹیکسوں اور نان ٹیکس آمدن کی مد میں بلوچستان کو 150 ارب روپے سے زائد حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق اضافہ کیے جانے کا امکان بھی موجود ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles