
جمعیت علماء اسلام کے رہنما ضیاء الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ جامعات میں جاکر کہتا ہے میں نے کچھ نہیں پڑھا، شراب پی کر لڑکیوں کے ہاسٹل میں جانے پر علی امین گنڈاپور کو این سی اے سے نکالا گیا تھا۔
پشاور میں جمیعت علماء اسلام کی ”اسرائیل مردہ باد کانفرنس“ جاری ہے، جس سے خطاب کرتے ہوئے کے یو آئی رہنما ضیاء الرحمان نے کہا کہ ہم نے دیکھ لیا کہ کس طرح وزیر اعلیٰ بارہ اضلاع سے ہوتا ہوا پشاور پہنچا، علی امین گنڈا پور جے یو آئی کی قیادت کے خلاف باتیں کرنے سے گریز کرے۔
ترجمان نے بتایا کہ سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان بھی پنڈال پہنچ چکے ہیں، اسٹیج پر مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا اسد محمود، سابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی، جے یو آئی خیبرپختونخوا کے امیر مولانا عطاء الرحمان موجود ہیں۔
کانفرنس میں شرکت کیلئے صوبے بھر سے آنے والے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے، جبکہ پنڈال کارکنوں سے بھر چکا ہے اور کانفرنس شرکاء کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے۔