بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر کی سڑک پر ہنگامی لینڈنگ، ویڈیو وائرل

بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں تکنیکی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر نے سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی جس کے نتیجے میں پائلیٹ زخمی ہوگیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ہیلی کاپٹر کو اڑان بھرنے کے فوراً بعد ہنگامی لینڈنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے ۔

لینڈنگ کے بعد ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتا بھی دیکھا گیا، واقعے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 5 مسافر محفوظ رہے البتہ پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر نے باراسو بیس سے تقریبا 12 بجے اڑان بھری تھی اور کیدارناتھ تک تقریباً 45 منٹ کی پرواز کرنی تھی۔

پرواز کے چند ہی منٹ بعد پائلٹ نے کنٹرول میں مسئلہ محسوس کیا اور فوری طور پر سڑک پر کنٹرولڈ لینڈنگ کی۔

کیدارناتھ ہیلے سروس کے نودل آفیسر راہول چوبے کے مطابق اس حادثے کے باوجود ہیلی سروس متاثر نہیں ہوئی ہے اور اب ہیلی کاپٹر کو سڑک سے ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں۔

یہ حادثہ گزشتہ ماہ گنگوتری کے قریب ہوئے ایک ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد کا دوسرا سنگین واقعہ ہے جس میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے پہلے مئی میں بدری ناتھ سے آتے ہوئے بھی ایک ہنگامی لینڈنگ کی گئی تھی اور رشی کش کے ہیلی ایمبولینس کا بھی حادثہ ہوا تھا مگر اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسی روٹ پر گزشتہ 30 دنوں کے دوران ہیلی کاپٹر کو حادثے کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles