
کراچی کی مقامی عدالت نے ڈیفنس میں نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں ملزم سلمان فاروقی کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کردیے، عدالت نے گذری پولیس اور پراسیکیوٹر کو کل کے لیے نوٹس جاری کیے۔
سٹی کورٹ کراچی میں ڈیفنس میں نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کی گئی۔
عدالت نے ملزم سلمان فاروقی کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کردیے، عدالت نے گذری پولیس اور پراسیکیوٹر کو کل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
ملزم سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی کسٹڈی میں ہیں، دونوں ملزموں کو کل دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے پوش علاقے گذری ڈیفنس میں گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے بعد کار سوار مقامی کمپنی کا سربراہ سلمان فاروقی طیش میں آگیا تھا اور موٹر سائیکل سوار شہری کو زد و کوب کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
نوجوان کے ساتھ موجود اس کی بہنیں بااثر شخص کے سامنے ہاتھ جوڑ جوڑ کر معافیاں مانگتی رہیں لیکن روتی لڑکیوں کے آنسوؤں پر بھی بااثر شخص کو ترس نہیں آیا تھا۔