
کُرم اور خیبرپختونخوا کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس گورنر ہاؤس پشاور میں جاری ہے جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی ہے۔ پی ٹی آئی نے فیصل کریم کنڈی کی جانب سے بلائی جانے والی اے پی سی میں شرکت سے انکار کیا ہے۔
اے پی سی کے افتتاحی سیشن میں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کانفرنس کےشرکا کا خیرمقدم کرتا ہوں، بدامنی کےتناظرمیں اے پی سی کا انعقاد وقت کا تقاضا تھا۔
گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ کرم کی صورتحال سب کےسامنے ہے، بدامنی نے صوبے کواپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، بدقسمتی سے صوبے کے حالات پراسمبلی میں کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ چاہئے تویہ تھا کہ اے پی سی کا انعقاد صوبائی حکومت کرتی، کے پی حکومت نےامن وامان کی صورتحال پرآج تک بحث نہیں کی۔
آل پارٹیز کانفرنس میں خیبرپختونخوا کے امن، وسائل اور حقوق پر بات کی جائے گی۔
علاوہ ازیں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کانفرنس کا اعلامیہ صوبائی اسمبلی میں ارکان اسمبلی پیش کریں گے جبکہ اعلامیہ و تجاویز وفاقی کو ارسال کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں سیاسی قائدین کی موجودگی نے ثابت کیا صوبے کے مسائل وحقوق پر یکجا ہیں، صوبے کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردارادا کرنے کو تیار ہوں۔
امیرمقام کا آل پارٹیزکانفرنس سےخطاب
وفاقی وزیر امیر مقام نے ای پی سی کے انعقاد پر گورنر کے پی کے اقدام کو سہراتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل خیبرپختونخوا حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل احتجاج اور دھرنوں پرخرچ ہورہے ہیں، اے پی سی میں خیبرپختونخوا کی حقیقی قیادت شریک ہے، خیبرپختونخوا کےعوام کیلئے پی ٹی آئی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست کررہا ہے، علی امین کوصوبے کے امن وامان سے کوئی سروکار نہیں، کرم میں لاشیں گری تھیں اور لی امین اسلام آباد پرچڑھائی میں مصروف تھے۔
کے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی پی ٹی آئی پر تنقید
دوسری جانب آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹرعباد نے کہا ہے کہ صوبے میں بدامنی عروج پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنگین نوعیت کے مسائل کے باوجود پی ٹی آئی مسائل پر بات بھی نہیں کرنا چاہتی، میں سے باہر نہ آنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے۔
دوسری جانب مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اے پی سی کو مسترد شدہ ٹولے کی بیٹھک قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور پی ٹی آئی کے خلاف بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش ہے۔