
لاہور: نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”میرے پاس پنجاب یونیورسٹی کی ڈگری ہے۔“
انہوں نے طلبہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”ان محنتی بچوں کو گارڈ آف آنر ملنا چاہیے۔“ مریم نواز نے اسکالرشپس دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”میں ہونہار طلبہ کو اپنا سلام پیش کرتی ہوں۔“
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ آپ کے مستقبل کے لیے دن رات سوچتی ہوں، آج میں ایک سیاسی رہنما نہیں، بلکہ ایک ماں کے طور پر خطاب کر رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج طلبہ کو صرف اسکالرشپس نہیں، بلکہ میرٹ پر محنت کا صلہ مل رہا ہے، پولیس کے دستے نے آج آپ کی محنت کو گارڈ آف آنر پیش کیا ہے۔ مریم نواز نے ریاست کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ”کہتے ہیں کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اور ہونی بھی چاہیے۔“
مریم نواز نے یہ بھی یقین دلایا کہ ”پنجاب کا کوئی بچہ فیس نہ ہونے کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔“
انہوں نے کہا کہ “آپ کی تعلیم آپ کے والدین سے زیادہ میری ذمہ داری ہے، 30 ہزار اسکالرشپس کے لیے 70 ہزار درخواستیں آئیں، 60 فیصد اسکالرشپس طالبات کو مل رہی ہیں، 30 ہزار اسکالرشپس میں سے 18 ہزار لڑکیوں اور 12 ہزار لڑکوں کو مل رہی ہیں’۔