پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 140 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 140 رنز کا ہدف دے دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کپتان شاداب خان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور لاہور قلندرز کی ٹیم بڑا اسکور نہ کرسکی اور 19.2 اوورز میں 139 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

لاہور قلندرز کی بیٹنگ

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا، دوسرے ہی اوور کی چوتھی گیند پر فخرزمان محض ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہیں اعظم خان نے ریلے میریڈتھ کی گیند پر کیچ کیا۔

پانچویں اوور میں محمد نعیم بھی 8 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں اعظم خان ہی نے جیسن ہولڈرز کی گیند پر کیچ کیا، اس کے بعد وقفے وقفے سے لاہور قلندرز کی وکٹیں گرتی رہیں۔

لاہور قلندرز کی جانب سے صرف عبداللہ شفیق نے ففٹی اسکور کی، انہوں نے محض 38 گیندوں پر 66 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کے 3 کھلاڑی سام بلنگ، جہانداد خان اور ڈیوڈ ویزا صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل نے 13، سکندر رضا نے 23 ، شاہین شاہ آفریدی 2، اور حارث رؤف نے 10 رنز بنائے، آصف آفریدی 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جیسن ہولڈر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، کپتان شاداب خان کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں جبکہ نسیم شاہ، ریلے میریڈتھ اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کا ٹاس

اس سے قبل دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

تین بار کی چیمپین اسلام آباد یونائیٹڈ ٹورنامنٹ میں اعزاز کا دفاع کرے گی جبکہ لاہور قلندرز دو بار ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکواڈ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں اینڈریز گاؤس، صاحبزادہ فرحان، کولن منرو، سلمان آغاز، اعظم خان، شاداب خان ( کپتان ) جیسن ہولڈر، عماد وسیم، محمد شہزاد، نسیم شاہ، ریلے میریڈتھ شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کا اسکواڈ

لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل،سام بلنگز ، سکندر رضا، ڈیوڈ ویز، شاہین شاہ آفریدی ( کپتان )، جہانداد خان، حارث رؤف، آصف آفریدی ہیں۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 10کے افتتاحی میچ سمیت 11 مقابلے ہوں گے، اس کے بعد قذافی اسٹیڈیم 18 مئی کو ہونے والے فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

کراچی اور ملتان 5،5 میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ پشاور میں 8 اپریل کو نمائشی میچ کا انعقاد کیا جائے گا۔

11 اپریل تا 18 مئی 37 دنوں تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles