
بندر ایک چالاک جانور تصور کیا جاتا ہے جس کی دلچسپ حرکات انسانوں کو حیرت میں ڈال دیتی ہیں۔ بندر میں چوری کرنے اور سامان چھین کر بھاگنے کی عادت عام طور پر پائی جاتی ہے۔
ایسا ہی کچھ بھارت میں ہوا جب ایک بندر کسی کا موبائل فون چھین کر بھاگا تاہم اس نے رشوت وصول کر کے صارف کا موبائل فون واپس کردیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارت کا شہر ورنداون شرارتی بندروں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہاں بندر لوگوں کا سامان چھین کر بھاگ جاتے ہیں اور واپس کرنے پر اپنی پسند کی چیزوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اب حال ہی میں ورنداون سے ایک نئی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا گیا کہ بندر ایک شخص کا قیمتی سام سنگ S25 الٹرا اسمارٹ فون لے کر عمارت پر چڑھ گیا۔
View this post on Instagram
مذکورہ شخص نے اپنا موبائل واپس لینے کے لیے بندر کو 2 سے 3 مختلف مشروبات کے پیکٹ دینے کی پیشکش کی لیکن بندر نے انکار کر دیا۔
کئی بار کوششوں کے بعد بندر نے آخر کار آم کے جوس کا پیکٹ لینے کے بعد موبائل فون واپس کر دیا۔
اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا جا رہا ہے جس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔