
امریکی محکمہ خارجہ نے کابل ایئرپورٹ دھماکے میں ملوث داعش کے دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شریف اللہ کی گرفتاری کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔
واشنگٹن میں پہلی پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا پاک افغان سرحد سے داعش کے دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری پاک امریکا تعاون کی اہمیت کی مظہر ہے، انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں پاکستان اور امریکا کا تعاون انتہائی اہم ہے۔
ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے خطاب میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ داعش کے دہشت گرد اور کابل ایئرپورٹ کے ایبی گیٹ پر خودکش حملے منصوبہ ساز اور ذمہ دار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
محمد شریف اللہ کے بارے میں ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ ملزم اس وقت حراست میں ہے اور امریکا اس تعاون پر حکومت پاکستان کا شکر گزار ہے، یہ اظہار تشکر اس شراکت داری کے لیے ہے کہ محمد شریف اللہ کو انصاف کے کٹہرے تک لایا گیا، شریف اللہ کی گرفتاری کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ جہاں تک پاکستان سے امریکا کے تعلقات کی نوعیت کا تعلق ہے تو یہ ہمارا مشترکا مفاد ہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑیں اور اس دہشت گرد کی گرفتاری اس بات کا اظہار ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گرد شریف اللہ 13 امریکیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ہے، شریف اللہ سے متعلق معلومات محکمہ انصاف کو فراہم کردی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے سی آئی اے کی دی گئی معلومات کی بنیاد پر داعش کےکمانڈر کو گرفتار کیا جو 2021 میں افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے موقع پر کی گئی بھیانک دہشتگردی کی سازش میں ملوث تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کا شریف اللہ کی گرفتاری پر پاکستان سے اظہارتشکر
داعش دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری پاک امریکا تعاون کی اہمیت کی مظہر
انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں پاک امریکا تعاون انتہائی اہم قرار
امریکا تعاون پر حکومت پاکستان کا شکر گزار ہے، ترجمان ٹیمی بروس
ہمارا مشترکا مفاد ہے کہ دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑیں، ٹیمی بروس
واشنگٹن:شریف اللہ 13امریکیوں کی ہلاکت کاذمہ دار ہے،ٹیمی بروس
واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس کی پہلی پریس بریفنگ