
تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کُن میچ آج بلاوائیو میں کھیلا جارہا ہے، جس کا ٹاس پاکستانی کپتان محمد رضوان نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ میچ میں کامیابی کیساتھ سیریز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں، ہم ینگ ٹیلنٹ کو چانس دے رہے ہیں تاکہ چیمپئنز ٹرافی میں مدد مل سکے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
زمبابوے کے کپتان نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے، کوشش ہوگی پاکستان کی جلد وکٹیں لیکر پریشر میں لائیں تاکہ میچ میں کامیابی کو ممکن بناسکیں، ہم سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کا اسکوڈ
پاکستان کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، طیب طاہر، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، ابرار احمد، حارث رؤف اور فیصل اکرم شامل ہیں۔
زمبابوے کا اسکواڈ
زمبابوے کی ٹیم میں کپتان کریگ ایروائن، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا، شان ولیمز شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، سیریز کا پہلا میچ زمبابوے جبکہ دوسرا پاکستان نے جیتا تھا۔