عمران خان کا شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینئیر رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کو ان کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جس کے بعد ان سے بطور رکن قومی اسمبلی استعفیٰ بھی طلب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کے صوابی جلسے میں کردار پر پارٹی رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے شکایت کی تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
صوابی جلسے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے
بیرسٹرگوہر کا ردعمل
شیرافضل مروت کوپارٹی سے نکالنے پرچیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، شیرافضل مروت کونکالنے پرمجھے کوئی ہدایات نہیں آئی۔
خیال رہے کہ 8 فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے کے دوران شیر افضل مروت کو اسٹیج پر جگہ نہیں ملی تھی اور نہ ہی انہیں تقریر کا موقع دیا گیا تھا۔ جس پر انہوں نے اپنے بیان میں شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوابی جلسے میں نہ بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ ملی نہ ہی خطاب کا موقع ملا، اگر قیادت میرے آنے پر ناخوش تھی تو پہلے بتا دیتی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ میں جلسے میں صرف بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے آیا تھا، میرے جلسے جلوس میں شرکت سے قیادت کو مسئلہ ہو تو بتا دیں۔
صوابی جلسے میں شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ میں لفظی گولہ باری بھی ہوئی تھی اور سلمان اکرم راجہ کی تقریر کے دوران شیر افضل مروت نے اسٹیج پر مخالف نعرے بھی لگوائے تھے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles