
بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر مسلح شرپسندوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس نے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شہدا میں کانسٹیبل رحیم اللہ اور ضیاء اللہ شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ حملے میں دہشتگردوں کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جبکہ جوابی فائرنگ سے دہشتگرد زخمی حالت میں بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے اور قوم کو اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے۔