
ایک طرف پاکستان میں عمران خان کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی کا احتجاج جاری ہے تو دوسری جانب لندن اور پیرس سمیت بیرون ملک کئی شہروں میں پی ٹی آئی کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔
لندن میں ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ تحریک انصاف نے تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ریکارڈ کروایا، اور عمران خان اور باقی سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کے لئے آواز اٹھائی۔
لندن میں کئے گئے احتجاج میں قاسم خان سوری سمیت کئی پی ٹی آءی رہنماؤں نے خطاب کیا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستان تحریک انصاف فرانس کے زیر اہتمام بانی چیئرمین عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی رہائی کے لیے عمران خان کی کال پر بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
اس مظاہرے کی قیادت پارٹی رہنما یاسر قدیر، عابد ملک، عمر رحمان، چوہدری افضال ڈھل، چوہدری ابرار کیانی، اکرام رانجھا، چوہدری سلیم بوڑا، چوہدری ماجد چیمہ، چوہدری عبدالرحمن، راجہ طاہر سدول، چوہدری گلزار لنگڑیال، شبانہ چوہدری، نینا خان، ناصر خان، آصفہ ہاشمی نے کی۔
مظاہرین نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے، شدید سردی اور بارش کے باوجو مظاہرین گھنٹوں پاکستانی سفارت خانہ پیرس کے گرد شدید نعرہ بازی کرتے رہے۔
مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ سفارت خانہ کے باہر پہنچ کر مختلف رہنماؤں نے خطاب کرتے عمران خان سمیت تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
تحریک انصاف بیلجیئم کے زیر اہتمام آج یورپی پارلیمنٹ کے سامنے بھی ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں خواتین اور بچوں سمیت لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے موجودہ حکومت کو غیر منتخب قرار دیتے ہوئے ان سے حکومت چھوڑنے کا مطالبہ کیا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے قائد کی گرفتاری اور پی ٹی آئی کو اس کی انتخابی جیت سے محروم کرنے کیلئے طاقتور حلقوں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔
اپنی تقاریر میں مقررین نے ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے آج کے احتجاج کیلئے پیش کردہ تین بڑے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے کے دوران شرکاء وقفے وقفے سے مسلسل نعرے بازی بھی کرتے رہے۔