
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر سمیت 2 جوان بھی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی شب سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا تاہم اس آپریشن کے دوران دوران 6 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے، شہدا میں راولپنڈی کے 29 سالہ میجر حمزہ اسرار اور نصیرآباد کے 26 سالی سپاہی محمد نعیم شامل ہیں۔
میجر حمزہ اسرار شہید کی عمر 29 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، انہوں نے 9 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، میجر حمزہ اسرار شہید کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی، انہوں نے سوگواران میں اہلیہ، والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
اس کے علاوہ 26 سالہ سپاہی محمد نعیم شہید ضلع نصیر آباد کے رہائشی ہیں، سپاہی محمد نعیم شہید نے 6 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا، انہوں نے سوگواران میں والدین چھوڑے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔