متھیرا بغیر اجازت بنائی گئی ویڈیو شیئر کرنے پر چاہت فتح علی خان پر برس پڑیں
پاکستان کی نامور میزبان و ماڈل متھیرا نے بغیر اجازت بنائی گئی ویڈیو شیئر کرنے پر چاہت فتح علی خان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
چند روز قبل چاہت فتح علی خان نے متھیرا کے شو میں بنائی گئی ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی جو وائرل ہوگئی، ویڈیو میں چاہت فتح کی جانب سے متھیرا کو گلے لگانے کی کوشش اور ان سے ہاتھ ملاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چاہت فتح علی خان کی حرکات پر متھیرا خود کو ان سے دور کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔
تاہم اب متھیرا نے اس ویڈیو پر اپنے شو میں سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ‘جب بھی کوئی مہمان ہمارے شو پر آتا ہے تو میں انہیں عزت دیتی ہوں، پیار سے اور اچھے انداز سے پیش آتی ہوں لیکن اس انداز میں ویڈیو بنانا انتہائی بری حرکت تھی، بولڈ ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ کوئی بھی دیکھے اور گلے لگالے’۔
میزبان نے کہا کہ ‘میں انتہائی بے آرام محسوس کررہی تھی، یہ ویڈیو ہمارے کیمروں سے نہیں بلکہ چاہت فتح کی جانب سے بغیر اجازت بنائی گئی، مجھے یا میری ٹیم کو اس ویڈیو بنائے جانے کا علم نہیں تھا، شو کے کیمرے کہیں اور ہوتے ہیں جب کہ یہ ویڈیو دوسری جگہ سے بنائی گئی ہے جس کی اجازت نہیں ہوتی’۔
متھیرا نے کہا ‘ ایک عورت ہونے کی حیثیت سے یہ سب تکلیف دہ تھا کیونکہ میں یہ سب حرکتیں نہیں کرتی کہ لوگوں کو گلے لگاؤں’۔
انہوں نے کہا کہ چاہت فتح نے بغیر اجازت ویڈیو پوسٹ کی اور بعد میں جب انہیں ہٹانے کا کہا گیا تو انہوں نے نہیں ہٹائی اور نہ ہی معافی مانگی۔
انہوں نے ناظرین کو متنبہ کیا کہ اگر وہ انہیں کہیں دیکھیں تو نہ انہیں گلے لگائیں اور نہ ہاتھ ملانے کی کوشش کریں۔
ماڈل نے کہا کہ وہ اپنے سیٹ سے روانگی کےلیے تیار تھیں، باہر ان کی گاڑی کھڑی ہوئی تھی کہ اس دوران چاہت فتح علی خان نے ویڈیو بنائی جس کے فوری بعد وہ سیٹ سے چلی گئیں۔