بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
معروف و سینئر اداکار سیف علی خان کو 16 جنوری کو گھر میں گھسنے والے حملہ آور نے چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔
سیف علی خان کو ہنگامی بنیادوں پر لیلاوتی ہسپتال لایا گیا تھا، جہاں ان کی متعدد سرجریز کی گئی تھیں اور گزشتہ 6 دن سے وہ اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
اداکار کو ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے بعد مزید کئی دنوں تک مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، انہیں فالو اپ چیک اپس کے لیے بھی کہا گیا ہے۔
اسپتال سے چھٹی کے بعد سیف علی خان جب باہر آئے تو مداحوں اور خیر خواہوں نے انہیں گھیر لیا جبکہ فوٹوگرافرز بھی ان کے پیچھے پڑ گئے۔
سیف علی خان نے سفید لباس پہن رکھا تھا جبکہ ان کے ایک ہاتھ اور بازو پر بینڈیج کو بھی دیکھا گیا۔
انہوں نے اسپتال سے باہر آتے ہی ہاتھوں کی مدد سے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔