مہر بانو کو موت کا ڈراما رچانا مہنگا پڑ گیا، صارفین کی شدید تنقید
وائرل ریل پر صارفین نے مہر بانو کو آڑے ہاتھوں لے لیا
پاکستانی اداکارہ اور مصنفہ مہر بانو کی ایک حالیہ انسٹاگرام ریل سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تاہم ویڈیو کے موضوع پر متعدد صارفین نے تنقید کرتے ہوئے اسے نامناسب قرار دیا ہے۔
مہر بانو ان دنوں دوستوں کے ہمراہ شمالی علاقوں کی سیر پر ہیں جہاں انہوں نے تفریح کے دوران ایک مختصر مزاحیہ ریل بنائی جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔
ویڈیو کو نیوز رپورٹنگ کے انداز میں فلمایا گیا جس میں مہر بانو ایک چٹان پر لیٹی دکھائی دیتی ہیں جبکہ ان کے دوست رپورٹرز اور اہلِ خانہ کا کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ ریل میں یہ تاثر دیا گیا کہ دورانِ سفر اداکارہ کی موت واقع ہوگئی ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا تاہم بڑی تعداد میں صارفین نے موت جیسے حساس موضوع کو مزاح کا حصہ بنانے پر اعتراض کیا۔
کئی صارفین کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کا مواد عوامی شخصیات کی جانب سے شیئر نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ موت جیسے حساس معاملے کو تفریح یا مزاح کے انداز میں پیش کرنا مناسب نہیں سمجھا جاتا۔