33 سالہ کیریئر؛ فیصل قریشی نے تمغۂ امتیاز نہ ملنے پر کیا کہا؟
ایوارڈ نہ ملنے کی کیا وجہ ہوسکتی ہے؟
پاکستان کے معروف اداکار فیصل قریشی نے تمغۂ امتیاز نہ ملنے پر اپنے ردعمل کا اظہار طنزیہ انداز میں کیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان نے جب فیصل قریشی سے سوال کیا کہ کیا انہیں جلد ستارۂ امتیاز ملنے والا ہے، تو انہوں نے ہنستے ہوئے طنزیہ جواب دیا کہ سوچ رہا ہوں کہ ”امتیاز شاپنگ سپر اسٹور“ جا کر کھڑا ہوجاؤں اور کہوں کہ مجھے ستارہ نہیں مل رہا۔
اداکار نے گفتگو کے دوران بتایا کہ میرا نام اب تک دو مرتبہ ایوارڈ کے لیے واپس بھیجا جاچکا ہے اور وہ گزشتہ 33 سال سے شوبز انڈسٹری میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
جب میزبان سے سنجیدہ انداز میں فیصل قریشی سے پوچھا کہ ایوارڈ نہ ملنے کی کیا وجہ ہوسکتی ہے؟ تو انہوں نے ایک بار پھر طنزیہ انداز میں کہا کہ شاید مجھ میں ”کیلشیم کی کمی“ ہے جس کی وجہ سے مجھے یہ اعزاز نہیں مل رہا۔
فیصل قریشی نے مزید کہا کہ مجھے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تمغۂ امتیاز کے لیے میرے نام کی سفارشات بھیجی جا رہی ہیں، میں خود کو ایک محبِ وطن انسان سمجھتا ہوں اور سیاست سے کوئی تعلق نہیں رکھتا تاہم جب بھی میرا نام اس اعزاز کے لیے منظور ہوگا تو میں اسے خوشی سے قبول کروں گا۔