تیل بحران؛ مشکل حالات میں شوبز شخصیات عوام کے ساتھ، ایندھن بچانے کی اپیل

تیل بحران؛ مشکل حالات میں شوبز شخصیات عوام کے ساتھ، ایندھن بچانے کی اپیل

روزمرہ زندگی میں چھوٹی تبدیلیاں مجموعی طور پر بڑے مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہیں

تیل بحران کے تناظر میں شوبز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی میدان میں آ گئی ہیں اور شہریوں سے ایندھن کے محتاط استعمال کی اپیل کر رہی ہیں۔

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے نے پاکستان میں بھی دباؤ بڑھا دیا ہے جس کے پیشِ نظر معروف شخصیات نے عوام کو ایندھن کے ذمہ دارانہ استعمال کا پیغام دینا شروع کیا ہے۔

ان شخصیات میں بشریٰ انصاری اور شاہد آفریدی سمیت متعدد نمایاں نام شامل ہیں جنہوں نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے خصوصی پیغامات کے ذریعے عوام کو آگاہی فراہم کی۔

 انہوں نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ قدر قرار دیا۔

اپنے پیغامات میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکل حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ایندھن کے استعمال میں احتیاط برتیں۔

انہوں نے غیر ضروری سفر سے گریز، گاڑیوں کے مشترکہ استعمال (کار پولنگ) اور رائیڈ شیئرنگ ایپس کے فروغ پر بھی زور دیا۔

ان شخصیات کے مطابق روزمرہ زندگی میں چھوٹی تبدیلیاں مجموعی طور پر بڑے مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔ شوبز اور اسپورٹس سے وابستہ افراد نے کہا کہ موجودہ صورتحال قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے اور اگر عوام شعور کا مظاہرہ کریں تو ملک پر پڑنے والا دباؤ کم کیا جا سکتا ہے۔

ان پیغامات کا مقصد نہ صرف آگاہی فراہم کرنا ہے بلکہ عوام میں تعاون، شعور اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا بھی ہے تاکہ اس مشکل وقت میں اجتماعی طور پر صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles