ڈاکٹر فضیلہ عباسی کیس پر حمزہ علی عباسی کا اہم بیان سامنے آگیا

ڈاکٹر فضیلہ عباسی کیس پر حمزہ علی عباسی کا اہم بیان سامنے آگیا

انہوں نے اپنی بہن کو ایک کامیاب اور باصلاحیت پیشہ ور قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بطور بھائی ان کے ساتھ کھڑے ہیں

پاکستان کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی سے متعلق زیرِ بحث کیس میں اپنا نام شامل کیے جانے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ کسی تحقیقاتی عمل کا حصہ ہیں۔

اپنے بیان میں اداکار نے واضح کیا کہ حالیہ خبروں میں ان کا نام ان کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف لگائے گئے الزامات کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے جو کہ درست نہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ وہ نہ تو کسی ادارے کی تحقیقات میں شامل ہیں اور نہ ہی اس کیس میں کسی بھی حیثیت سے شریک ہیں۔

انہوں نے اپنی بہن کو ایک کامیاب اور باصلاحیت پیشہ ور قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بطور بھائی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہیں اپنی بہن کی دیانتداری پر مکمل اعتماد ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا مؤقف بھی سنا جانا چاہیے۔

حمزہ علی عباسی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ متعلقہ ادارے انصاف کو یقینی بنائیں گے اور حقیقت سامنے آئے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بہن کے پیشہ ورانہ اور قانونی معاملات ان سے مکمل طور پر الگ ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ اس کیس کے حوالے سے ان سے سوالات نہ کیے جائیں کیونکہ وہ اس معاملے میں فریق نہیں ہیں۔

اداکار نے یہ بھی خبردار کیا کہ اگر آئندہ ان کا نام اس کیس کے ساتھ جوڑا گیا تو وہ قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ان کے اس بیان کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ وہ خود کو اس کیس سے مکمل طور پر الگ رکھتے ہیں، تاہم اپنی بہن کی حمایت اور انصاف کے نظام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles