مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم ریلیز کے لیے تیار
فلم کی ابتدائی جھلکیوں نے پہلے ہی مداحوں کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے
شائقینِ موسیقی کے لیے خوشخبری ہے کہ لیجنڈری گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی فلم ’’مائیکل‘‘ ریلیز کے لیے تیار ہے، جو 24 اپریل کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
فلم کی ابتدائی جھلکیوں نے پہلے ہی مداحوں کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔ شاندار موسیقی، جذبات سے بھرپور کہانی اور ایک عظیم فنکار کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی نے فلم کے لیے توقعات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ 80 اور 90 کی دہائی کے مداحوں کے ساتھ ساتھ نئی نسل بھی اس فلم میں غیر معمولی دلچسپی لے رہی ہے۔
یہ فلم محض موسیقی تک محدود نہیں بلکہ مائیکل جیکسن کی مکمل زندگی کا احاطہ کرتی ہے۔ اس میں ان کے بچپن، جیکسن فائیو کے مرکزی گلوکار کے طور پر ان کی شاندار شروعات، اور پھر عالمی شہرت یافتہ فنکار بننے تک کے سفر کو تفصیل سے پیش کیا گیا ہے۔
فلم میں ان کی محنت، تخلیقی صلاحیت اور شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے کی جدوجہد کو نمایاں کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ فلم میں اسٹیج سے ہٹ کر مائیکل جیکسن کی ذاتی زندگی کے مختلف پہلو بھی دکھائے گئے ہیں جبکہ ان کے ابتدائی سولو کیریئر کی یادگار پرفارمنسز کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ ناظرین ان کی شخصیت کو قریب سے سمجھ سکیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ فلم ’’مائیکل‘‘ نہ صرف باکس آفس پر کامیابی حاصل کرے گی بلکہ مائیکل جیکسن کے مداحوں کے لیے ایک یادگار تجربہ بھی ثابت ہوگی۔