لڑکوں کی مائیں رشتے تلاش کرنے کے دوران لڑکیوں سے غیر مناسب سوالات کرتی ہیں، آمنہ ملک
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان آمنہ ملک نے کہا ہے کہ لڑکوں کی مائیں رشتے تلاش کرنے کے دوران لڑکیوں سے غیر مناسب سوالات کرتی ہیں۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکارہ و میزبان آمنہ ملک نے کہا کہ اگر لڑکیوں کو شادی سے پہلے ضرورت سے زیادہ آزادی اور سہولیات دی جائیں تو انہیں شادی کے بعد دوسرے گھر میں ایڈجسٹ ہونے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل لڑکیاں دیر سے شادیاں کر رہی ہیں اور لڑکے اور لڑکی دونوں ہی اپنی تسلی کے لیے شادی سے پہلے آپس میں بات چیت کو ضروری سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں لڑکے اور لڑکیاں اپنے شریکِ حیات میں مکمل پرفیکشن کی تلاش کرتے ہیں، جو کہ غیر حقیقت پسندانہ خواہش ہے، زندگی میں انسان کو ہر چیز نہیں مل سکتی۔
آمنہ ملک نے کہا کہ لڑکوں کی ماؤں کی غیر ضروری فرمائش ہوتی ہے کہ بہو پتلی، لمبی اور گوری ہو، مگر کسی ایک انسان میں یہ تمام خصوصیات نہیں ہو سکتیں۔
اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ اگر لڑکی شادی کے بعد موٹی ہو جائے تو کیا اسے چھوڑ دیا جائے گا؟
انہوں نے مزید کہا کہ لڑکوں کی مائیں جب ایسی لڑکیوں کے رشتے کے لیے جاتی ہیں جو بیرونِ ملک سے تعلیم یافتہ ہوں، تو غیر مناسب سوالات کرتی ہیں، جیسے کہ کیا بیرونِ ملک تعلیم کے دوران آپ کا کسی لڑکے سے تعلق رہا ہے؟