کیا یہ پروموشن تھی؟ ڈرامے میں رجب بٹ اور ایمان رجب کی تصویر وائرل
رجب بٹ اور ایمان ڈرامے میں کیسے پہنچے؟
پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمان رجب ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، تاہم اس بار وجہ کوئی وی لاگ یا سوشل میڈیا پوسٹ نہیں بلکہ ایک مقبول ڈرامے میں ان کی غیر متوقع جھلک ہے۔
رجب بٹ، جو پہلے ہی سوشل میڈیا پر خاصی شہرت رکھتے ہیں، اس وقت ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گئے جب ایک ڈرامے کی 28ویں قسط کے دوران ایک سین میں کمرے کی دیوار پر لگی تصویر نے سب کو حیران کر دیا۔
دیوار پر آویزاں تصویر میں رجب بٹ اور ایمان رجب دکھائی دے رہے تھے، جس نے ناظرین کی توجہ اصل منظر سے ہٹا دی۔
یہ منظر نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی۔ کئی صارفین نے نشاندہی کی کہ تصویر کو دھندلا کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم مداحوں نے جلد ہی پہچان لیا کہ یہ رجب بٹ اور ایمان رجب کی اصل شادی کی تصویر ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس بات پر حیرت اور ناراضی کا اظہار کیا کہ ڈرامے کے کرداروں کے لیے علیحدہ فوٹو شوٹ کروانے کے بجائے معروف یوٹیوبر جوڑی کی تصویر استعمال کی گئی۔ بعض صارفین کے مطابق یہ ڈرامے کی حقیقت پسندی کو متاثر کرنے والا عمل تھا۔
اس غیر متوقع جھلک کے بعد ایک بار پھر یہ ثابت ہو گیا کہ رجب بٹ اور ایمان رجب کی مقبولیت اب صرف یوٹیوب تک محدود نہیں رہی بلکہ ان کی موجودگی ٹیلی وژن اسکرین پر بھی کسی نہ کسی صورت میں نظر آرہی ہے، جو ان کی مسلسل ٹرینڈنگ کا واضح ثبوت ہے۔