لاہور میں فیشن کا میلہ سج گیا، ریمپ بکھر گئے دھنک کے رنگ
برائیڈل فیشن ویک پہلے روز ہی چھا گیا۔
لاہور میں تین روزہ برائیڈل فیشن ویک پوری آب و تاب کے ساتھ شروع ہو گیا، جہاں پہلے ہی دن فیشن، رنگ اور دلکشی کا شاندار امتزاج دیکھنے میں آیا۔
افتتاحی روز معروف ڈریس ڈیزائنرز کے تخلیق کردہ عروسی ملبوسات ماڈلز اور فلمی ستاروں نے ریمپ پر پیش کیے، جس سے شو کی رونق دوبالا ہو گئی۔
ٹاپ ماڈلز نے لہنگے، غرارے، گھاگھرے، ساڑھیاں اور فراکس زیب تن کر کے ریمپ پر جلوے بکھیرے۔
نفیس ڈیزائنز، عروسی لباسوں پر تلے اور موتیوں کی باریک کڑھائی اور چمچماتی جیولری نے ماڈلز کے حسن کو مزید نکھار دیا، یوں ریمپ کا منظر کسی خوابناک محفل سے کم نہ تھا۔
شو کا جوش و خروش اس وقت عروج پر پہنچا جب ماڈلز کے جھرمٹ میں سے نامور فلمی ستارے ریمپ پر نمودار ہوئے۔
پہلے روز شو اسٹاپر کے طور پر اداکارہ ریشم، فاطمہ خان اور ماہم مرزا جلوہ گر ہوئیں اور تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
برائیڈل فیشن ویک میں شریک شائقین نے نہ صرف نت نئے اور جدید عروسی ملبوسات دیکھے بلکہ ایک یادگار اور دلکش فیشن محفل کا حصہ بن کر اپنی خوشی کا بھی بھرپور اظہار کیا۔