پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم اور علی ظفر کی موسیقی میں مہارت اور مقبولیت کا اعتراف نہ صرف ملکی سطح پر ہوتا ہے بلکہ دنیا بھر میں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
ان دونوں گلوکاروں کا شمار نہ صرف موسیقی کے سپر اسٹارز میں ہوتا ہے بلکہ اب انہیں پاکستان کے سب سے مہنگے فنکاروں میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک پوڈکاسٹ کلپ میں معروف گلوکار نعیم عباس روفی نے انکشاف کیا کہ عاطف اسلم پاکستان کے سب سے مہنگے گلوکار ہیں۔
پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عاطف اسلم بیرونِ ملک، خاص طور پر امریکہ میں ایک میوزک شو کا معاوضہ تقریباً 70 ہزار ڈالر وصول کرتے ہیں، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 1 کروڑ 96 لاکھ روپے بنتا ہے۔
نعیم عباس روفی نے مزید بتایا کہ پاکستان میں بھی عاطف اسلم ایک شو کا 80 لاکھ سے 1 کروڑ روپے تک معاوضہ چارج کرتے ہیں، جو انہیں ملک کے مہنگے ترین فنکاروں کی صف میں کھڑا کرتا ہے۔
پوڈکاسٹ کے دوران جب میزبان نے علی ظفر کا ذکر کیا تو نعیم عباس روفی نے کہا کہ علی ظفر کا معاوضہ بھی کسی سے کم نہیں، تاہم وہ عاطف اسلم کے مقابلے میں تھوڑا کم لیتے ہیں، تقریباً 20 سے 25 لاکھ روپے فی شو۔
اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے حیرت اور دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے، کئی مداح جہاں اپنے پسندیدہ گلوکاروں کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں کچھ صارفین فنکاروں کے معاوضے پر حیران بھی نظر آئے۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ عاطف اسلم بہت کم انٹرویوز یا مارننگ شوز میں شرکت کرتے ہیں، جس کی ایک بڑی وجہ ان کا بھاری معاوضہ سمجھا جاتا ہے۔