جاپان کے شہر اوساکا میں جاری عالمی نمائش ایکسپو 2025 میں فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کی مارشل ڈانس پارٹی نے شاندار خٹک ڈانس پرفارمنس پیش کر کے عالمی ناظرین کے دل جیت لیے۔
اس فنکارانہ مظاہرے نے پاکستان کی روایتی ثقافت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔
مزید پڑھیں: صندل خٹک کی ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
خٹک قبیلے کی روایتی جنگی رقص کی اس پرفارمنس میں فنکاروں نے ڈھول کی تھاپ پر اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ثقافتی رنگ بکھیرے بلکہ پاکستان کی مثبت تصویر دنیا کے سامنے پیش کی۔
پرفارمنس کے دوران فنکاروں کی چابکدستی، ہم آہنگی اور جوش و جذبہ قابلِ دید تھا۔
مارشل ڈانس کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں غیر ملکی شائقین نے شرکت کی، جو اس دلکش رقص سے بے حد متاثر دکھائی دیے۔ کئی سیاحوں نے اس رقص کو پاکستان میں امن و ثقافت کی عکاسی قرار دیا اور کہا کہ یہ مظاہرہ پاکستانی معاشرے کی ہم آہنگی، حب الوطنی اور زندہ دلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مزید پڑھیں: حریم شاہ اور صندل خٹک کی ڈانس ویڈیو وائرل
ڈانس پارٹی کی اس پرفارمنس کو بین الاقوامی میڈیا نے بھی بھرپور کوریج دی، جس سے نہ صرف فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی بلکہ پاکستان کا مثبت تاثر دنیا بھر میں پہنچا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جہاں غیر ملکی صارفین خٹک ڈانس کو “توانائی سے بھرپور” اور “ثقافتی شاہکار” قرار دے رہے ہیں۔
ایف سی خیبرپختونخوا نارتھ کی یہ شرکت پاکستان کی ثقافتی سفارتکاری کی ایک کامیاب مثال بن گئی ہے، جو نہ صرف ملک کی نمائندگی کر رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی فن و ثقافت کے خوبصورت چہرے کو اجاگر کر رہی ہے۔