رجب بٹ کے خلاف توہین آمیز بیان بازی کے کیس میں اہم پیشرفت

لاہور: متنازع یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف توہین آمیز بیان بازی کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

سیشن عدالت لاہور میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف توہین آمیز بیان بازی پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن جج نے ابتدائی سماعت کے بعد نیشنل سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔

درخواست مقامی شہری شہزادہ عدنان کی جانب سے دائر کی گئی، جس پر ان کے وکیل مدثر چوہدری نے دلائل دیے۔

 درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، جس سے عوامی جذبات مجروح ہوئے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کو باضابطہ طور پر یوٹیوبر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست جمع کروائی گئی، لیکن اس کے باوجود اب تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ نیشنل سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی کو یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

بعدازاں عدالت نے درخواست پر ابتدائی کارروائی کے بعد سائبر کرائم ونگ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles